وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران عالمی چیلنجز کے حل کے لیے پاکستان کے عزم کو دوہرایا گیا اور خطے کے اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی مؤثر آواز کو عالمی اداروں میں شامل کرنا ضروری ہے اور اقوامِ متحدہ اس حوالے سے قابلِ تعریف کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان نقصانات کو کم کرنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کی توجہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کی طرف دلاتے ہوئے اس کے منصفانہ اور پُرامن حل پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد اور پاکستان کو درپیش بیرونی دہشت گردی جیسے سنگین مسائل کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے مؤقف اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن و ترقی کے لیے ایک مضبوط اور فعال آواز ہے۔ انہوں نے عالمی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔