وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اس وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔وزیراعظم پاکستان آج ورلڈ گورننس سمٹ سے خطاب کریں گے۔دبئی میں معروف امریکی سرمایہ کار، جینٹری بیچ سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ، حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں شرح سود میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، پاکستان اور امریکا کے درمیان دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات ہیں اور پاکستان کی حکومت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی کاروباری شخصیت جینٹری بیچ نے پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور کہا کہ، وہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، انہیں پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے بہت متاثر کن تجربہ حاصل ہوا ہے، اور وہ جلد اپنے سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد کے خواہاں ہیں۔
دبئی میں منعقدہ اس سمٹ میں دنیا بھر سے مختلف ریاستوں کے سربراہان، عالمی پالیسی سازوں اور نجی شعبے کے سرکردہ رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
وزیراعظم کے اس دورے کو سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کی حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو ملک میں موجود کاروباری امکانات سے مستفید ہونے کی دعوت دے رہی ہے۔