زوم اور ٹیمز کالز ریکارڈ کرنے والا اسمارٹ اے آئی نوٹ پن پیش

ٹیکنالوجی کمپنی پلاڈ نے اپنے مقبول اے آئی نوٹ بنانے والے ڈیوائس کا نیا اور بہتر ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جسے پلاڈ نوٹ پن ایس کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے ایک نیا ڈیسک ٹاپ ایپ بھی لانچ کیا ہے جو آن لائن میٹنگز کے دوران خودکار طور پر ریکارڈنگ اور اے آئی کی مدد سے نوٹس تیار کر سکتا ہے۔

پلاڈ نوٹ پن ایس میں اب ایک مخصوص بٹن دیا گیا ہے جس کی مدد سے ریکارڈنگ کو آسانی سے شروع یا بند کیا جا سکتا ہے۔ لمبا دبانے پر ریکارڈنگ شروع یا ختم ہو جاتی ہے، جبکہ ہلکا دبانے سے گفتگو کے اہم حصے محفوظ ہو جاتے ہیں، تاکہ بعد میں انہیں آسانی سے دیکھا جا سکے۔ اس سے پہلے صارفین کو ریکارڈنگ کے لیے ڈیوائس کو دبانا پڑتا تھا۔

نئے ماڈل کا ڈیزائن سادہ اور ہلکا رکھا گیا ہے اور یہ سیاہ، جامنی اور چاندی رنگ میں دستیاب ہے۔ اس ڈیوائس کو کلپ، ہار یا کلائی پر پہننے کی سہولت دی گئی ہے۔ کمپنی نے پہلی بار پیکنگ میں لینیارڈ، کلائی پر باندھنے والی پٹی اور میگنیٹک کلپ بھی شامل کی ہے، تاکہ کپڑوں کو نقصان پہنچائے بغیر اسے استعمال کیا جا سکے۔

پلاڈ نوٹ پن ایس کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اب یہ 179 ڈالر میں پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ پچھلا ماڈل 159 ڈالر کا تھا۔ کمپنی کے مطابق نیا ماڈل پرانے نوٹ پن کی جگہ لے گا، تاہم اس وقت یہ امریکی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں ہے۔

نئے ڈیوائس کے ساتھ ساتھ پلاڈ نے میک اور ونڈوز کے لیے ایک ڈیسک ٹاپ ایپ بھی متعارف کروائی ہے، جو زوم، مائیکروسافٹ ٹیمز، گوگل میٹ اور دیگر آن لائن کالنگ پلیٹ فارمز پر ہونے والی میٹنگز کو ریکارڈ کر سکتی ہے۔ یہ ایپ خودکار طور پر کال شروع ہوتے ہی ریکارڈنگ شروع کر دیتی ہے اور بات چیت کو منظم اے آئی نوٹس میں تبدیل کر دیتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ ایپ دیگر اے آئی میٹنگ ٹولز کی طرح کسی بوٹ کو کال میں شامل نہیں کرتی بلکہ کمپیوٹر کے آڈیو سسٹم اور نوٹ پن ڈیوائس کی مدد سے آواز ریکارڈ کرتی ہے، جس سے پرائیویسی اور سہولت دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

پلاڈ نوٹ پن ایس میں 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے اور یہ مسلسل 20 گھنٹے تک ریکارڈنگ کر سکتا ہے۔ اس میں دو جدید مائیکروفون لگے ہیں جو مناسب فاصلے سے صاف آواز ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صارفین کو ہر ماہ 300 منٹ کی مفت ٹرانسکرپشن کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس خاص طور پر ان افراد کے لیے بنائی گئی ہے جو مصروف زندگی گزارتے ہیں اور ہر وقت اپنے ساتھ رکھنے کے قابل ایک اسمارٹ نوٹ ٹیکنگ حل چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں ایپل فائنڈ مائی کی سہولت بھی شامل کی جا رہی ہے، جس سے گم ہونے کی صورت میں ڈیوائس کو تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں