وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے حجاج میدان عرفات میں جمع، مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا گیا

آج جمعرات 9 ذی الحجہ 1446 ہجری کو دنیا کے کونے کونے سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندانِ اسلام حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہیں۔ یہاں وہ سارا دن عبادت، ذکر و اذکار اور اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کرنے میں گزاریں گے۔

میدان عرفات کی تاریخی مسجد نمرہ میں امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ نے خطبہ حج دیا، جس کے بعد نماز ظہر اور عصر کو قصر و جمع کے طریقے سے ایک ساتھ ادا کیا جائے گا۔ حج کے اس عظیم دن کو یوم عرفہ کہا جاتا ہے، جو روحانیت، عاجزی اور اتحادِ امت کا بے مثال مظہر ہوتا ہے۔

حجاج کرام کے قافلے گزشتہ رات یعنی 8 ذی الحجہ کی شب سے ہی میدان عرفات کی طرف روانہ ہونا شروع ہو گئے تھے۔ سعودی حکومت اور حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں نے حجاج کو مقررہ شیڈول کے مطابق بسوں اور ٹرین کے ذریعے عرفات پہنچایا۔

میدان عرفات میں جبل الرحمہ کے اطراف اور دیگر مقامات پر گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے واٹر شاورنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے، تاکہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

دن بھر عبادات کے بعد حجاج غروب آفتاب سے چند لمحے قبل میدان عرفات سے روانہ ہو کر مزدلفہ جائیں گے، جہاں وہ رات گزاریں گے اور کنکریاں چنیں گے تاکہ اگلے روز رمی جمرات کا فریضہ ادا کر سکیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں