پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 12 اگلے سال 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلی جائے گی، جس میں آٹھ فرنچائزز ٹائٹل کے حصول کے لیے مقابلہ کریں گی۔پی سی بی نے جمعرات، 8 اکتوبر کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تاریخیں یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں آٹھوں فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں سے مشاورت کے بعد طے کی گئی ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق میچوں کا مکمل شیڈول، میزبان شہروں، اسٹیڈیمز اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ آئندہ سیزن کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب اور ٹیموں کی تشکیل میں براہِ راست معاہدوں، کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، ٹریڈنگ ونڈو اور نیلامی کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔

پی ایس ایل کے 2026 کے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھا کر آٹھ کی گئی تھی۔ حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کی شمولیت کے بعد لیگ کے مقابلوں میں اضافہ ہوا، جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی ڈرافٹ سسٹم کی جگہ پہلی بار نیلامی کا نظام متعارف کرایا گیا۔

فروری 2026 میں ہونے والی پہلی نیلامی میں مجموعی طور پر 103 کھلاڑیوں کو آٹھ فرنچائزز نے حاصل کیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق گزشتہ نیلامی میں منتخب یا برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کے معاہدے دو سال کے لیے کیے گئے تھے، جو پی ایس ایل کے 11ویں اور 12ویں ایڈیشن پر محیط ہیں۔ فرنچائزز کو اگلے سیزن کے لیے زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔

پی ایس ایل 11 کا اختتام 3 مئی 2026 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا تھا، جہاں پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کے اعلان پر کہا کہ گزشتہ ایڈیشن نے دلچسپ مقابلوں، شائقین کی ریکارڈ شرکت اور نشریاتی کامیابیوں کے ذریعے لیگ کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 12 میں اس معیار کو مزید بلند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ نئے سیزن کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے اور آنے والے مہینوں میں براہِ راست معاہدوں، کھلاڑیوں کی ریٹینشن، ٹریڈنگ ونڈو اور نیلامی کے مراحل شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوں گے۔

پی ایس ایل 12 میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے مقامات، نیلامی اور ٹکٹوں سے متعلق مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں