فرانسیسی میوزیم میں سیکیورٹی ناکام، کروڑوں مالیت کے قیمتی شاہی زیورات چوری

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع ایک تاریخی میوزیم سے کروڑوں مالیت کے شاہی زیورات چوری ہونے کے واقعے نے سیکیورٹی اداروں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

پولیس نے واردات کے بعد تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے 60 تفتیش کاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واردات اتوار کے روز دن دہاڑے پیش آئی جب نقاب پوش چور میوزیم میں داخل ہوئے اور انتہائی مہارت کے ساتھ قیمتی زیورات چرا کر فرار ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ چوری کیے گئے نوادرات میں 8 نایاب شاہی زیورات شامل ہیں جو 19ویں صدی سے تعلق رکھتے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کارروائی ایک پیشہ ور گروہ نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت انجام دی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ چور صبح 9:30 سے 9:40 کے درمیان میوزیم میں داخل ہوئے۔

انہوں نے فرنیچر لفٹ کا استعمال کرتے ہوئے سیدھا اپولو گیلری تک رسائی حاصل کی، جہاں شاہی کلیکشن نمائش کے لیے رکھی گئی تھی۔

چوروں نے کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہونے کے بعد خصوصی کٹنگ ٹولز سے شیشے کے ڈبے کھولے اور زیورات لے اڑے۔

موقع پر موجود ایک وزیٹر کی موبائل فون ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں چوری کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔

پولیس کے مطابق چرائے گئے زیورات میں فرانس کی سابق ملکہ ایوجینی کا تاج بھی شامل تھا، جو ڈاکوؤں کے فرار کے دوران زمین پر گر کر ٹوٹ گیا۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے اعتراف کیا ہے کہ ملک کے عجائب گھروں میں سیکیورٹی انتظامات ناکافی ہیں اور یہ واقعہ اس کمزوری کو واضح کرتا ہے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، سیکیورٹی لاگز اور فرار کے ممکنہ راستوں کا باریک بینی سے جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور چوروں کا سراغ لگانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔�

Author

اپنا تبصرہ لکھیں