ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کے مطابق، پاکستان کے پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ 2025 میں 103 ویں نمبر سے بڑھ کر اس سال 98 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ فہرست میں 98 ویں نمبر پر رہا، جو یمن کے ساتھ مشترکہ ہے۔ پاکستان کی درجہ بندی عراق (99)، شام (100) اور افغانستان (101) سے بہتر رہی۔
درجہ بندی کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ 31 ممالک میں ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے، جس میں ویزا آن ارائیول (VOA) بھی شامل ہے۔ہینلے ویب سائٹ کے اسکرین گریب کے مطابق ،2006 سے 2025 تک ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی دکھائی گئی ہے۔
اس فہرست میں سنگاپور پہلے نمبر پر رہا، جس کے پاسپورٹ پر 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے، جب کہ جاپان اور جنوبی کوریا 188 ممالک کے ساتھ قریب قریب دوسرے نمبر پر رہے۔ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ 186 ممالک میں ویزا فری رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔
ہینلے انڈیکس کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو بارباڈوس، کُک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیرات، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانوآتو میں ویزا فری رسائی حاصل ہے جب کہ برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے جزائر، کومورو جزائر، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیوئے، پلاؤ جزائر، قطر، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے۔