پاکستانی ڈرامے بھارت اور پاکستان کے عوام کوجوڑنے میں پل کی مانند ہیں

پاکستانی ڈرامے نہ صرف ملک کے اندر، بلکہ سرحد پار بھی بے حد مقبول ہو رہے ہیں، خاص طور پر بھارت میں، جہاں یہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑنے میں ایک منفرد کردار ادا کر رہے ہیں۔ حقیقت کے قریب تر کہانیاں، جاندار مکالمے اور خاندانی و سماجی مسائل پر مبنی کہانیوں نے پاکستانی ڈراموں کو بھارتی ناظرین میں بے حد مقبول بنا دیا ہے۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کی ریسرچ ایسوسی ایٹ، ماہین شفیق کا کہنا ہے کہ، دونوں حکومتوں کے درمیان سفارتی تعلقات میں تناؤ ہے، اور وہ دہشت گردی اور کشمیر جیسے معاملات سے ہٹ کر گفتگو نہیں کرتیں۔ تاہم، ثقافتی سطح پر پاکستانی ڈرامے ایک مثبت سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ محبت نئی نہیں ہے۔ 1980 اور 1990 کی دہائی میں بھی بھارتی ناظرین، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں، پاکستان ٹیلی وژن کے سگنلز کو کیچ کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ بھارت کے شہر، پٹنہ سے تعلق رکھنے والی مصنفہ، کاویری شرما یاد کرتی ہیں کہ، ان کی ساس اور خالہ انٹینے کی مدد سے پی ٹی وی دیکھنے کی کوشش کرتی تھیں، اور اسی وقت انہیں احساس ہوا کہ، پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کا ایک پاور ہاؤس ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ،مجھے دونوں ممالک میں کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ کراچی کو دیکھتی ہوں تو یوں لگتا ہے جیسے یہ لکھنؤ یا پٹنہ ہو۔ ڈراموں میں جو کچھ ہوتا ہے، وہی ہماری زندگیوں میں بھی ہوتا ہے۔
کاویری اعتراف کرتی ہیں کہ، انہوں نے بچپن میں پاکستان کے بارے میں صرف منفی خبریں سن رکھی تھیں، مگر ٹی وی ڈراموں نے ان کا یہ تاثر بدل دیا۔ وہ کہتی ہیں کہ، اگر انہیں موقع ملا تو وہ پاکستان ضرور جانا چاہیں گی، لیکن جب تک یہ ممکن نہیں، وہ یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر پاکستان کو دیکھنے سے ہی خوش ہیں۔
پاکستانی ڈرامے بھارتی سیریلز کے مقابلے میں مختصر اور حقیقت پسندانہ ہوتے ہیں۔ سینئر اداکار، خالد انعم نے اس حوالے سے کہا کہ،انڈین سیریلز میں طویل فلیش بیکس اور غیر حقیقی پلاٹ ہوتے ہیں۔ ہمارے ڈرامے حقیقت کے قریب ہوتے ہیں، اسی لیے بھارتی ناظرین انہیں پسند کرتے ہیں۔
ہدایت کار، سیف حسن بھی اس بات کی تائید کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ، پاکستانی عموما جذباتی لوگ ہوتے ہیں، اور یہی جذبات ان کے ڈراموں میں نظر آتے ہیں۔ ہماری کہانیاں سادہ مگر دل کو چھو لینے والی ہوتی ہیں۔ ہمارے ڈراموں میں نہ تو بے جا ایکشن ہوتا ہے، نہ ہی تشدد۔ شاید یہی وجہ ہے کہ، بھارتی عوام ان سے جُڑے ہوئے محسوس کرتے ہیں۔
بھارتی ناظرین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ، پاکستانی ڈرامے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔ چاہے سیاست کچھ بھی ہو، لیکن عوام کی سطح پر محبت اور اپنائیت کی یہ لہر کسی بھی سفارتی کوشش سے زیادہ مضبوط ثابت ہو رہی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں