پاکستان نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کر کے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسپنر محمد نواز افغان بیٹرز کے لیے ایک مشکل چیلنج ثابت ہوئے۔ پاکستان کے 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم صرف 66 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
محمد نواز نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیں حاصل کیں۔ صفیان مقیم اور ابرار احمد نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ افغان ٹیم کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اتل 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور کپتان سلمان علی آغا 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صائم ایوب نے 17 جبکہ حسن نواز اور فہیم اشرف نے 15، 15 رنز اسکور کیے۔ محمد حارث ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صاحبزادہ فرحان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
افغان اسپنرز نے شاندار باؤلنگ کی، کپتان راشد خان نے 3، نور احمد نے 2 اور غضنفر نے ایک وکٹ لی جبکہ فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے 2 شکار کیے۔
سیریز میں کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور آل راؤنڈ کارکردگی نے میچ کا پانسہ پلٹا۔ ٹیم نے کم اسکور کے باوجود بہترین ٹیم ورک دکھا کر افغانستان کو شکست دی۔ محسن نقوی نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان آغا اور تمام کھلاڑیوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ٹیم ایشیا کپ 2025 میں بھی اسی طرح کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔