امریکی کانگریس کی رپورٹ نے پاکستان کی فتح کی تصدیق کر دی،وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو جنگ میں زناٹے دار شکست دی اور امریکی کانگریس کی رپورٹ نے اس فتح پر مہر ثبت کر دی ہے۔

آزادکشمیر کے شہر باغ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شاہینوں کی بے مثال کارکردگی نے دشمن کو گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر بھی بھارت کے سات طیارے مارنے کا بار بار ذکر کر چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جادو ٹونے اور پھونکوں سے کام نہیں چلتا بلکہ معاشی میدان میں دن رات محنت ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایک دن آئے گا جب پاکستان اپنی قرضوں کی بوجھ سے آزاد ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی یو ایس چائنا اکنامک اینڈ سیکیورٹی کمیشن کی رپورٹ میں مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے حوالے سے پاکستان کی فتح کو تسلیم کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کامیابی میں چینی ہتھیاروں نے بنیادی کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے چینی ہتھیاروں کی مدد سے بھارتی فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے مار گرائے۔ پاکستان کی کامیابی کے بعد انڈونیشیا نے رافیل طیارے خریدنے کا منصوبہ منسوخ کر دیا اور عالمی سطح پر ان طیاروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں