چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے ازبکستان کے علی شیر تختیوف نے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور تاشقند کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی، سماجی اور مذہبی حوالے سے گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی، سرسبزی اور صفائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت قدرتی حسن سے مالا مال ایک خوبصورت شہر ہے۔
ملاقات کے دوران ازبک سفیر نے اسلام آباد کے ایف-9 پارک میں ازبکستان سے منسوب ایک جگہ مختص کرنے کی تجویز دی، جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایف-9 پارک سمیت کسی بھی پارک میں ازبکستان کے لیے جگہ مختص کی جا سکتی ہے۔
ملاقات میں ازبک سفارت خانے کو ڈپلومیٹک انکلیو منتقل کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ اس ضمن میں وزارت خارجہ کے ذریعے باضابطہ تجویز پیش کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا۔
ازبک سفیر نے وفاقی دارالحکومت میں ایک شاہراہ کا نام “نیو ازبکستان” رکھنے کی تجویز بھی دی، جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس معاملے کو وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور سی ڈی اے اس عمل میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ازبکستان ایک دوسرے کے تجربات اور صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور شہر کی سطح پر تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا