ازبک سفیر کی پاکستان کے وزیر دفاع سے ملاقات، عسکری و دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دفاعی و سیاسی تعاون کے فروغ سے متعلق ایک اہم ملاقات میں ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے تفصیلی گفتگو کی۔

ملاقات میں باہمی سیاسی، عسکری اور دفاعی تکنیکی تعاون کے فروغ سمیت علاقائی استحکام اور اقتصادی روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود اُس دیرینہ بھائی چارے کو انتہائی اہم قرار دیا جو مشترکہ تاریخ، روحانی قربت اور ثقافتی ہم آہنگی پر قائم ہے۔ انہوں نے اس بنیاد پر دوطرفہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی۔

ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ازبکستان کے کردار کو سراہا گیا اور مشترکہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، خصوصا ازبکستان۔افغانستان- پاکستان ریلوے کوریڈور کے ممکنہ معاشی فوائد پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

فریقین نے گزشتہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات میں آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جہاں عسکری تعاون، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور سیاحت کے شعبوں میں نمایاں ترقی سامنے آئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے تاشقند–اسلام آباد اور تاشقند–لاہور براہِ راست پروازوں کے آغاز کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جبکہ کراچی سے تاشقند نئی پروازیں شروع کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی گئی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی تعاون کے نئے شعبوں میں مزید پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح وفود کے تبادلے جاری رکھے جائیں گے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں