وفاقی وزیر مواصلات کی ترک برصا وفد سے ملاقات؛ ائیرو اسپیس اور آٹوموبائل میں جوائنٹ وینچر پر اتفاق

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے دفاع، مواصلات، ائیرو اسپیس، فوڈ اور آٹوموبائل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔

ترکیہ کے برصا چیمبر آف کامرس کا 15 رکنی وفد پاکستان کے دورے پر وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان سے ملا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالعلیم خان نے ترک وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے بھروسہ مند دوست رہے ہیں اور دونوں ممالک دفاع و مواصلات سمیت کئی شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

ترک وفد نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ترکیہ میں “جیوے جیوے پاکستان” کا نغمہ آج بھی مقبول ہے، جو دونوں ملکوں کے درمیان گہرے جذباتی تعلقات کی علامت ہے۔

ملاقات میں اسلام آباد–تہران–استنبول ریلوے ٹریک پر ہونے والی ممکنہ پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے لیے وفاقی وزیر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں ائیروسپیس، فوڈ، آٹو موبائل اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں