پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق، 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب دو مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 15 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن کیا، جس کے دوران شدت پسندوں کے سرغنہ عالم محسود سمیت 10 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق، اسی طرح انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھی ایک آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 5 شدت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی سپریم کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ ‘عزمِ استحکام’ وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم کے طور پر جاری ہیں