پاکستان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک نے اس حوالے سے اسلام آباد پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے چار ملکی مشاورتی اجلاس کے بعد ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں یہ بات کہی۔
یہ اجلاس اس سلسلے کا دوسرا مرحلہ تھا، جس کا پہلا اجلاس 19 مارچ 2026 کو ریاض میں منعقد ہوا تھا۔
اسحاق ڈار کے مطابق خطے میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ تنازعات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ بات چیت میں سہولت کاری کی پیشکش کی ہے، جسے دونوں ممالک کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔
وزیرِخارجہ نے مزید کہا کہ اجلاس میں شریک ممالک نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت خودمختاری کے احترام، سفارتکاری کے فروغ اور مسلم دنیا کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی اس امن کوشش کو چین اور اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور دیرپا استحکام کو فروغ دینا ہے۔
#pakistan #iranus #diplomacy #peaceefforts #middleeast