پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان 75 سالہ دیرینہ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کا موجودہ دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر خود شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے صدر پرابوو کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ سات سال بعد کسی انڈونیشیائی صدر کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات کے دوران صحت، میڈیکل، ووکیشنل ٹریننگ اور باہمی تجارت کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ور افراد کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے۔

اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے کہا کہ پاکستان میں شاندار میزبانی ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں جے ایف-17 طیاروں سے سلامی ملنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔ صدر پرابوو کے مطابق دونوں ممالک نے تعلیمی، تجارتی، زرعی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا اور غزہ کے معاملے پر دونوں ممالک نے ایک مضبوط مشترکہ مؤقف اپنایا ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں