’پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مراعات اور سہولیات اس قیدی کو دی گئی ہیں’، سابق ٹیسٹ کپتانوں کی خط پر حکومتِ پاکستان کا ردِعمل

پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے، سابق وزیراعظم اور کرکٹر عمران خان کی صحت سے متعلق، سابق کرکٹ کپتانوں کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا قانون اور نظام اتنا مضبوط ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات خط لکھے جانے سے پہلے ہی دور کر دیے گئے تھے۔ ان کے مطابق، ’پاکستان کی سپریم کورٹ نے اپنے زیرِ نگرانی ان تمام چیزوں کو ایڈرس کیا ہے۔‘

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایسی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں جو عام طور پر کسی سزا یافتہ قیدی کو نہیں ملتیں۔ ان کے بقول، ’یہ واحد قیدی ہے جسے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مراعات اور سہولیات دی گئی ہیں۔‘ انہوں نے عمران خان کو ’پاکستان کی تاریخ کا موسٹ لکڈ آفٹر پرزنر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بھی انہیں دی گئی سہولیات اور طبی علاج پر اطمینان کا اظہار کر چکی ہے۔

سابق کپتانوں کے خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ، ’بہت اچھا ہوتا اگر کپتان یہ بھی لکھتے کہ جس طرح کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ اور بیٹنگ جرم ہے، اسی طرح اگر کوئی کپتان وزیر اعظم بن جائے تو کرپشن بھی جرم ہے۔ انھیں اس کی بھی مذمت کرنی چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ، ’کپتان ہونا انسان کو قانون سے بالاتر نہیں کرتا۔ انھوں نے آدھا خط لکھا ہے، انھیں پوری بات لکھنی چاہیے تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ، ’انھیں اس بارے میں بھی افسوس ظاہر کرنا چاہیے تھا کہ وہ کرپشن کیس میں اس وقت سزا یافتہ ہیں۔‘

عمران خان کو ان کی مرضی کے ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت دینے کے مطالبے پر وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ، ’سب کچھ قانون کے مطابق ہوتا ہے۔ مرضی والی تو کوئی بات نہیں ہوتی۔ کیا ان کے ملکوں میں قیدیوں کی اپنی مرضی چلتی ہے؟ قیدیوں کے لیے جیل مینوئل ہے، اس کے باوجود اس قیدی کا سب سے زیادہ خیال رکھا گیا ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت سابق کرکٹ کپتانوں کے خدشات دور کرنے کے لیے جوابی خط لکھنے کا ارادہ رکھتی ہے تو طلال چوہدری نے واضح کیاکہ، ’نہیں، یہ انھیں خود دیکھنا چاہیے۔ ہمیں کوئی ضرورت نہیں۔ ہم صرف پاکستان کے قانون کے سامنے جوابدہ ہیں۔‘

اگرچہ سابق کپتانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیاست سے بالاتر ہو کر انسانی حقوق کی بنیاد پر یہ خط لکھا ہے، تاہم طلال چوہدری نے کہا کہ بعض کپتانوں کے اپنے ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال زیادہ بہتر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’انھیں چاہیے کہ کرپشن کیس میں سزا یافتہ قیدی کی فکر کی بجائے اپنے ملکوں میں انسانی حقوق کی فکر کریں۔‘

یاد رہے، سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے دیگر 13 سابق ٹیسٹ کپتانوں کے ساتھ مل کر ایک خط لکھا تھا جس میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو اپنے مرضی کے ڈاکٹروں سے علاج اور اہل خانہ کے ساتھ ملاقاتوں کی اجازت دی جائے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں