وزیراعظم پاکستان کے سیاحتی امور کے نیشنل کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس خان، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوقت اور ازبک سفیر علی شیر تختیوف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کے بڑے کاروباری وفد کے ازبکستان دورے کے پروگرام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ وفد 8 تا 10 نومبر کو تاشقند میں ہونے والی "بین الاقوامی ایوارڈ تقریب اور بزنس اپرچیونیٹیز کانفرنس” میں شرکت کرے گا۔ تقریب میں 150 سے زائد پاکستانی کاروباری شخصیات شامل ہوں گی، جو ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، تعمیرات، انفراسٹرکچر، سیاحت اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔
دورے کے دوران وفد کی سرگرمیوں میں ازبکستان–پاکستان بزنس فورم، B2B اور G2B ملاقاتیں، مشترکہ منصوبوں پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، اور ازبک سرمایہ کاری و سیاحتی مواقع پر پریزنٹیشنز شامل ہیں۔ وفد تاشقند فارما پارک، ٹیکنو پارک اور آئی ٹی پارک کا بھی دورہ کرے گا۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہوگا، جبکہ عثمان شوقت نے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی عملی اور طویل المدتی نتائج حاصل کرنے اور ازبک کمپنیوں کے ساتھ نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے بھی ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو گہرا کرے گا، روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا