انڈیا کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائے گا: پاکستان آرمی چیف جنرل عاصم منیر

پاکستانی فوج کے چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی قیادت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ انڈیا کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ غیرملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے عزم کو بھی دوہرایا گیا۔ آرمی چیف نے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے جذبے، عزم اور حوصلے کو سراہا۔

اجلاس کے دوران سیلابی صورتحال میں فوج کی امدادی اور بحالی سرگرمیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا اور اس بات کی توثیق کی گئی کہ مسلح افواج ہر سطح پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سیاسی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجودہ گٹھ جوڑ، جو ریاست کے مفادات اور عوام کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، اسے مزید جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔

کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی سول و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور بلاجواز اشتعال انگیز بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی بیان بازی دراصل سیاسی فائدے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کے بھارتی رجحان کی عکاسی کرتی ہے، جو خطے میں غیر ضروری کشیدگی پیدا کر کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور خطے کے امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس میں پاکستان کے اصولی مؤقف کو بھی دہرایا گیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل صرف دو ریاستی فارمولے میں ہے ، 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہو اور القدس اس کا دارالحکومت ہو۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں