پاکستانی خلائی ایجنسی سپارکو اور چینی خلائی ایجنسی کے درمیان پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن سے متعلق ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جو خلائی تحقیق میں دونوں ممالک کے تعاون کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا پہلا مینڈ اسپیس مشن ملک کی سائنسی ترقی میں ایک اہم قدم ہے، اور ہم اس تعاون پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے سپارکو کی کاوشوں کو بھی سراہا، جو وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق خلائی تحقیق میں آگے بڑھ رہی ہے۔
معاہدے کے تحت چین کے خلاباز پاکستانی خلا بازوں کو تربیت فراہم کریں گے، جس کے بعد ایک سال کے اندر پاکستانی خلا باز چائنیز اسپیس اسٹیشن تک سفر کر سکیں گے۔ عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت خلائی تحقیق کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور ان شاء اللہ جلد پاکستان کا سبز ہلالی پرچم خلا میں بھی لہراتا نظر آئے گا۔
یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ پاک چین دوستی کے ایک اور تاریخی سنگ میل کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا۔