پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 17 برس بعد فیصل آباد ایک روزہ میچز کی میزبانی کرے گا۔
اعلان کے مطابق، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اور دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی میں ہوگا۔
ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے جبکہ باقی دو میچز 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم 17 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی میزبانی کرے گا، جہاں جنوبی افریقہ کے خلاف تینوں ون ڈے میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔