پاک-ازبک دوستی: اسلام آباد میں ‘بابر پارک’ بنانے کا اعلان، روایتی ازبک چائے خانہ بھی قائم کیا جائے گا

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کے اقدام پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آبادمیں “بابر پارک” کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ازبک سفیر علی شیر تختیوف کے مطابق، یہ پارک ازبک عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے دوستی کے تحفے کے طور پر تعمیر کیا جائے گا۔

اسی سلسلے میں 14 تا 17 فروری ازبکستان کے وزیر برائے تعمیرات و ہاؤسنگ اینڈ کمیونل سروسز شیرزاد خدایاتوف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور متعلقہ ماہرین کے ساتھ ملاقاتیں کیں، جن میں منصوبے کے ڈیزائن، بنیادی ڈھانچے اور عملی مراحل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

یہ پارک اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں تقریبا اڑھائی ہیکٹر رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق، یہاں جدید واکنگ ٹریکس، خوبصورت فوارے، بچوں کے لیے کھیلوں کے میدان، سرسبز لان اور تفریحی مقامات بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایک روایتی ازبک چائے خانہ بھی قائم کیا جائے گا جہاں ازبکستان کے روایتی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔

پارک کے مرکزی حصے میں مغلیہ سلطنت کے بادشاہ بابر کا مجسمہ نصب کیا جائے گا، جو دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی ورثے کی یادگار ہوگا۔

جاری کیے گئے بیان کے مطابق، “بابر پارک” صرف ایک تفریحی مقام نہیں بلکہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور روحانی تعلقات کی علامت ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پارک اسلام آباد کی نئی پہچان بنے گا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کی روشن مثال ثابت ہوگا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں