پاک–امریکا تعاون میں پیش رفت: محسن نقوی اور امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر انفورسمنٹ، اور امریکی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

گفتگو کے دوران پاک–امریکا تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انسدادِ منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ایئرپورٹس پر جدید اسکیننگ سسٹمز کی تنصیب تیزی سے جاری ہے۔

ملاقات میں انسدادِ منشیات اور سیکیورٹی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس دوران امریکی سفیر کو اے این ایف کی حالیہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سالانہ کاؤنٹر نارکوٹکس مہم کے دوران 134 ٹن منشیات برآمد کی گئیں جبکہ 75 غیر ملکیوں سمیت 2001 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں کارروائیوں کے دوران 110 افغان شہریوں کی گرفتاری عمل میں آئی اور 40 ہزار 659 ایکڑ رقبہ کلیئر کر کے پاپی فری اسٹیٹس کو برقرار رکھا گیا۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان سے منشیات اب بھی دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچ رہی ہیں، جو نوجوان نسل کے لیے شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں امریکا کی ٹیکنیکل سپورٹ کی پیش کش کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں