امریکی پابندیاں متعصبانہ اور افسوسناک ہیں، پاکستان کا ردعمل

پاکستان نے نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس (این ڈی سی) اور تین تجارتی اداروں پر عائد امریکی پابندیوں کو متعصبانہ اور بدقسمتی قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک صلاحیتوں کا مقصد ملکی خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ پابندیاں خطے میں فوجی عدم توازن پیدا کرنے کے مترادف ہیں اور ان پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف خطے بلکہ عالمی اسٹریٹیجک استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا اسٹریٹیجک پروگرام 240 ملین عوام کی دی گئی مقدس امانت ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

بیان میں نجی تجارتی اداروں پر عائد پابندیوں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماضی میں اسی طرح کی فہرستیں محض شکوک و شبہات کی بنیاد پر بغیر ثبوت کے جاری کی گئیں۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے امتیازی رویے اور دہرا معیار نہ صرف عدم پھیلاؤ کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

بیان میں عدم پھیلاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے امریکی دعوے پر سوال اٹھایا گیا اور اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ ماضی میں کچھ ممالک کو جدید فوجی ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے لائسنس کی شرائط ختم کر دی گئیں، جو عدم پھیلاؤ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں