‘تعلیمی روابط کے ذریعے نوجوانوں کو جدید علمی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں’، ازبک سفیر کی نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر سے ملاقات

پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے وائس چانسلر پروفیسر محمد زاہد لطیف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ازبکستان کی یونیورسٹی آف جیولوجیکل سائنسز کے ریکٹر اعظم قادرجانوف بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو میں ازبکستان اور پاکستان کی جامعات کے مابین مشترکہ تعلیمی پروگرامز کے آغاز، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے کو وسعت دینے اور ازبکستان کی یونیورسٹی آف جیولوجیکل سائنسز میں نسٹ (NUST) کی فیکلٹی کے قیام جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی روابط کو عملی شکل دے کر دونوں ممالک کے نوجوانوں کو جدید علمی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

نسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ازبک صدر شوکت مرزائیوف کی قیادت میں ازبکستان میں جاری وسیع اصلاحات کو سراہا، خصوصا اعلیٰ تعلیم، سائنس اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا اس موقع پر طویل المدتی اور مؤثر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے اور عملی اقدامات کے لیے نسٹ کا ایک وفد جلد ازبکستان کا دورہ کرے گا۔

شرکاء نے اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور سائنسی تعاون کے ایک مضبوط پل کی بنیاد قرار دیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ علم میں سرمایہ کاری دراصل مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جو ازبکستان اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں