ناشتے میں ایک عام مشروب دل کی صحت بہتر بنانے اور زندگی بڑھانے میں مددگار ، تحقیق

ایک نئی طبی تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ روزانہ ناشتے میں ایک عام پھل کا مشروب پینا دل کی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے اور قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ ایک گلاس خالص اورنج جوس پینا دل کے افعال پر مثبت اثر ڈالتا ہے اور مجموعی صحت میں بہتری لاتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سنگترے کے جوس کا باقاعدہ استعمال جسم کے مدافعتی خلیوں میں موجود جینز پر اثر انداز ہوتا ہے اور ان میں ایسی تبدیلیاں لاتا ہے جو دل کی بیماریوں کے خطرات میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ یہ نتائج برازیل اور کیلیفورنیا کے محققین کے اس مطالعے سے اخذ کیے گئے ہیں جس میں 20 صحت مند بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ ان شرکاء کو تقریباً دو ماہ تک روزانہ شکر کے بغیر 500 ملی لیٹر اورنج جوس پینے کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد ان کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق اس دوران شرکاء کے تقریباً 1700 جینز میں قابلِ ذکر مثبت تبدیلیاں سامنے آئیں، جو خاص طور پر خون کی نالیوں کی صحت، جسم کے میٹابولزم اور سوزش میں کمی سے متعلق تھیں۔ تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ یہ فوائد خاص طور پر ان افراد میں زیادہ نمایاں تھے جو معمول کے وزن کے حامل تھے، جبکہ زیادہ وزن والے افراد میں جینز کی تبدیلی چربی کے میٹابولزم سے جڑی ہوئی پائی گئی۔

محققین نے واضح کیا کہ یہ نتائج صرف 100 فیصد خالص اور غیر مٹھاس شامل کیے گئے سنگترے کے جوس سے حاصل ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ چینی ملا جوس صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے کیونکہ اضافی چینی خون میں شکر کی سطح بڑھانے، سوزش پیدا کرنے اور دل کی بیماریوں کے خطرے میں اضافہ کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے دل کی صحت کے لیے بغیر چینی والے قدرتی جوس کو ترجیح دی جانی چاہیے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں