آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے میدان میں معروف کمپنی اوپن اے آئی اب سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہی ہے۔ کمپنی نے میٹا کے انسٹاگرام اور ایلون مسک کے ایکس (ٹوئٹر) جیسے پلیٹ فارمز کو ٹکر دینے کے لیے اپنا سوشل میڈیا نیٹ ورک تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دی ورج کی رپورٹ کے مطابق، اوپن اے آئی کی جانب سے ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے جو کہ ابتدائی مراحل میں ہے، مگر اس کا ایک پروٹوٹائپ ماڈل کمپنی کے اندرونِ خانہ تیار کر لیا گیا ہے۔
یہ پروٹوٹائپ ماڈل خاص طور پر چیٹ جی پی ٹی کے امیج جنریٹر سسٹم کو بنیاد بنا کر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں ایک سوشل فیڈ بھی شامل کی گئی ہے۔ اس پلیٹ فارم کو یا تو ایک علیحدہ ایپ کے طور پر متعارف کرایا جا سکتا ہے یا پھر یہ چیٹ جی پی ٹی ایپ کا ہی حصہ بن سکتا ہے۔
یہ نیا سوشل میڈیا نیٹ ورک نہ صرف میٹا کے انسٹاگرام و فیس بک اور ایلون مسک کے ایکس کا مقابلہ کرے گا بلکہ اوپن اے آئی کو حقیقی وقت میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا ذریعہ بھی فراہم کرے گا جو کہ اس کے اے آئی ماڈلز کی تربیت میں مددگار ہوگا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے کمپنی سے باہر کے افراد سے بھی اس پروجیکٹ پر فیڈبیک حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔
اگرچہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، مگر پروٹوٹائپ کی موجودگی اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ مستقبل میں اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔