کویت کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پیر کی صبح ملک میں متعدد امریکی جنگی طیارے گر کر تباہ ہو گئےہیں۔ وزارت کے بیان کے مطابق، حادثات میں طیاروں کے عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم احتیاطی طور پر انہیں طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اپنے امریکی اتحادی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاکہ طیارے گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق، اس حوالے سے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تکنیکی وجوہات سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ادھر امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ روز کویت میں واقع علی السلیم ہوائی اڈہ کے قریب ایک ایف 15 جنگی طیارہ بھی گر کر تباہ ہوا تھا۔ تاہم حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حالیہ حادثات آپس میں کسی طور منسلک ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جن کی حکام نے تصدیق بھی کی ہے۔ کویت سمیت سعودی عرب، قطراور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی تنصیبات کو نشابہ بنایا گیا ہے۔
ایران کا موقف ہے کہ یہ اڈے ان ممالک کا حصہ نہیں ہیں بلکہ یہ امریکی سرزمین ہیں۔ ایران نے کہا ہے کہ ان اڈوں کو استعمال کرکے امریکا نے ہم پر حملےکیے اور ہمیں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔