دنیا کی معمر ترین خاتون قرار دی جانے والی جاپانی شہری ٹومیکو اٹوکا 116 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ٹومیکو اٹوکا کا تعلق جاپانی شہر آشیا سے تھا اور وہ 29 دسمبر 2024 کو ہیوگو پریفیکچر کے آشیا میں ایک کیئر ہوم میں چل بسی ہیں۔
ٹومیکو اٹوکا نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جنوبی کوریا میں اپنے شوہر کی ٹیکسٹائل فیکٹری کا انتظام سنبھالا۔ 1979 میں شوہر کے انتقال کے بعد سے وہ نارا پریفیکچر میں تنہا رہائش پذیر تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، 2019 میں انہیں ایک نرسنگ ہوم منتقل کیا گیا، جہاں وہ خود چلنے کے قابل تھیں، تاہم بعد میں وہیل چیئر استعمال کرنے لگیں۔ دسمبر 2023 میں ٹومیکو اٹوکا کو جاپان کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز ملا تھا۔