فوجا سنگھ، جو دنیا کے معمر ترین میراتھون رنر سمجھے جاتے تھے ،بھارت کے ضلع جالندھر کے قریب اپنے آبائی گاؤں میں ایک سڑک حادثے میں 114 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، فوجا سنگھ پیر کے روز سڑک عبور کرتے ہوئے ایک ہٹ اینڈ رن حادثے کا شکار ہوئے جس میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ لندن میں قائم ان کے رننگ کلب اور چیریٹی ’سکھس اِن دی سٹی‘ نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ، فوجا سنگھ ایک غیر معمولی شخصیت تھے جنہوں نے بھارت کے نوجوانوں کو فٹنس کے اہم موضوع پر متاثر کیا۔
فوجا سنگھ نے 2011 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 100 سال کی عمر میں مکمل میراتھون دوڑ کر دنیا کے معمر ترین میراتھون رنر کا اعزاز حاصل کیا، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ان کی عمر کے ثبوت کی عدم دستیابی کے باعث ان کے ریکارڈ کو تسلیم نہیں کیا۔ ان کے برطانوی پاسپورٹ پر ان کی تاریخ پیدائش یکم اپریل 1911 درج تھی جبکہ بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ 1911 میں پیدائش کا باقاعدہ ریکارڈ نہیں رکھا جاتا تھا۔