ترک صدر رجب طیب ایردوان نے منگل کے روز نو تعینات ہونے والے سفیروں سے اسنادِ سفارت وصول کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ازبکستان، یوکرین، سلواکیہ، اور الجزائر کے سفیروں کو علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں خوش آمدید کہا۔
ازبکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایلخوم خیداروف نے بطور سفیر ترکیہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اس سے پہلے ترکیہ پہنچتے ہی ازبک سفیر نے ترک وزارتِ خارجہ کے پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ احمد جمیل میراوغلو کو اپنی اسنادِ سفارت کی نقول پیش کی تھیں۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ خاص طور پر ازبکستان کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کی 51ویں کونسل میں شرکت کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی تھی، جو 21 اور 22 جون کو استنبول میں منعقد ہوئی ۔
فریقین نے دو طرفہ سیاسی مشاورت، وفود کے تبادلوں، اور مشترکہ تقریبات کے انعقاد کے امکانات پر بات کی۔ ساتھ ہی ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت، سیاحت اور انسان دوست شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔

ترکی کے اعلیٰ سفارتی عہدیدار احمد جمیل میراوغلو نے ازبک سفیر خیداروف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ترکی انہیں اپنی خارجہ اقتصادی تعلقات بورڈ (DEIK) سے رابطے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ ایلخوم خیداروف اس سے قبل ازبکستان کے نائب وزیر خارجہاور یوکرین میں ازبکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ علی شیر اغزمخوجائف کی جگہ تعینات کیے گئے ہیں، جو حالیہ دنوں میں ازبک سینیٹ کی خارجہ تعلقات اور سرمایہ کاری کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔