قطر سمیت کئی ممالک ہمیں تنہا کرنےکی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے،نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر سمیت بعض ممالک کی جانب سے اسرائیل کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم اُن کے مطابق امریکا اور کئی دیگر مغربی ممالک اب بھی اسرائیل کی حمایت میں پیش پیش ہیں۔

اسرائیلی اخبار کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ مغربی یورپ میں اسرائیل کو بڑھتے ہوئے سفارتی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر “انتہا پسند مسلم اقلیتوں” کے یورپی پالیسیوں پر اثر و رسوخ کو تشویشناک قرار دیا۔ ان کے بقول، یہ عناصر اسرائیل مخالف جذبات کو ہوا دے کر یورپی حکومتوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل کو موجودہ بین الاقوامی دباؤ اور ممکنہ معاشی و سیاسی ناکہ بندیوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، بلکہ ملک کو نئے عالمی اقتصادی حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر دفاعی صنعت کو خود مختار اور مضبوط بنانا اب اسرائیل کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ یا خطرے کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں