اسرائیلی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کو قتل کرنے کی سنگین دھمکی دی تھی۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ پیر کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک شخص خود مقامی تھانے پہنچا اور اعلان کیا کہ وہ نیتن یاہو کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، گرفتار شخص کی عمر تقریباً 40 سال ہے اور اس کا تعلق جنوبی اسرائیلی شہر کریات گات سے ہے۔ ابتدائی تفتیش میں اس نے انکشاف کیا کہ وہ ایک آتشیں ہتھیار خرید کر وزیرِ اعظم کو تین گولیاں مارنے کا منصوبہ بنا چکا تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز باقاعدہ فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے، اور عدالت سے یہ استدعا کی جائے گی کہ ملزم کو مقدمے کے اختتام تک حراست میں رکھا جائے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیرِ اعظم نیتن یاہو غزہ میں حماس کے خلاف جاری جنگ کے باعث شدید عوامی اور بین الاقوامی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس طویل جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کو نہ صرف عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے، بلکہ اندرون ملک بھی حکومت کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔