لاہور میں الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کے انتخابی نتیجے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دے دیا ہے۔
اس مقدمے کی سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے کی، جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو تکنیکی بنیادوں پر خارج کر دیا۔ ٹربیونل کے مطابق، درخواست قابلِ سماعت نہیں تھی، جس کے باعث اسے مسترد کیا گیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 لاہور سے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا، تاہم فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی کہ درخواست قانونی تقاضے پوری نہیں کرتی، اس لیے اس پر مزید کارروائی ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف نے 1 لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ ان کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے 1 لاکھ 15 ہزار 43 ووٹ لیے تھے۔ انتخابی نتائج کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا تھا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد اس وقت جیل میں ہیں اور انہیں نو مئی کے واقعات سمیت مختلف مقدمات کا سامنا ہے