امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مشہور خلائی مشن، پارکر سولر پروب، نے سورج کے انتہائی قریب پرواز کرکے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، سائنسدانوں کو گزشتہ رات پارکر سولر پروب سے سگنل موصول ہوا ہے۔ یہ خلائی جہاز سورج کی بیرونی فضا میں 38 لاکھ میل کے فاصلے تک پہنچ چکا تھا، جہاں شدید درجہ حرارت اور خطرناک تابکاری کی لہریں موجود ہیں۔ اس دوران خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، لیکن ناسا کے مطابق مشن مکمل طور پر محفوظ ہے اور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی پرواز سورج کی ساخت اور اس کی کارکردگی کو سمجھنے میں غیر معمولی مدد فراہم کرے گی۔ ناسا کے اس مشن کو خلا میں بھیجنے کا بنیادی مقصد سورج کے رازوں کو بے نقاب کرنا ہے، جو ہماری زمین اور دیگر سیاروں پر زندگی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق، پارکر سولر پروب کی یہ کامیابی خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی اور مستقبل کے سائنسی منصوبوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔