پاکستان میں ڈیجیٹل حکمرانی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہری زندگی کے اہم واقعات یعنی پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کے آن لائن اندراج کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے بتایا کہ اس نئی ایپ کے ذریعے شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے گھریلو سطح پر ہی ان اہم معلومات کا اندراج کرا سکیں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو یونین کونسلز کے دفاتر کے چکر بھی نہیں لگانے پڑیں گے۔
چیئرمین کے مطابق موبائل ایپ کو پہلے مرحلے میں پنجاب میں متعارف کرایا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں صوبے کی تمام یونین کونسلز میں بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ اندراج کے عمل کو محفوظ اور مستند بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی یونین کونسلز میں نادرا کے “ون ونڈو کاؤنٹرز” قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو مرکزی مقام پر تمام خدمات دستیاب ہوں اور کسی قسم کی تاخیر یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ اقدام حکومتِ پاکستان کی ڈیجیٹل پاکستان وژن کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد عام شہریوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اور نظام کو شفاف، تیز اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام خصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے ایک خوش آئند سہولت ثابت ہوگا، جہاں سرکاری دفاتر تک رسائی محدود ہوتی ہے۔ اب موبائل ایپ کی مدد سے شناختی ریکارڈ کی بروقت اور درست اپ ڈیٹ ممکن ہو سکے گی۔