پاکستان، سعودی عرب، قطر اور دیگر اسلامی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کو ضم کرنے کے منصوبے کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔
اسلامی ممالک کے 15 رکنی گروپ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق بلوں کی منظوری غیر قانونی اقدام ہے، جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مغربی کنارے میں خود ساختہ خود مختاری کا کوئی بھی اسرائیلی اقدام ناقابلِ قبول ہے۔
اعلامیہ میں آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کو اشتعال انگیز اقدامات سے روکے۔ اسلامی ممالک نے عالمی عدالتِ انصاف کی 22 اکتوبر کی مشاورتی رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔
اس مشترکہ اعلامیے پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، انڈونیشیا، اردن، عمان، لیبیا، نائیجیریا، جبوتی، گیمبیا، ملائیشیا، فلسطین، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے دستخط شامل ہیں۔