حالیہ حملوں میں خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی نیوز ایجنسی کا دعوی

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی، تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ، آج ہونے والے ایرانی میزائل حملے میں اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی، موساد کے ہیڈ کوارٹر کو نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، حملے کے بعد موساد کے مرکزی دفتر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

تسنیم نیوز نے یہ اطلاع ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے حوالے سے دیتے ہوئے کہا ہے کہ، ان کی ایرو اسپیس فورس نے انتہائی جدید اسرائیلی دفاعی نظام کی موجودگی کے باوجود موساد کے ہیڈکوارٹر کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ، یہ حملہ اسرائیل کی عسکری انٹیلی جنس کے ایک اہم مرکز پر کیا گیا۔

تاہم اسرائیلی حکومت یا موساد کی جانب سے اس مبینہ حملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں آج صبح تل ابیب اور یروشلم سمیت مختلف علاقوں پر نئے میزائل حملے کیے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خطے میں صورتحال نہایت نازک رخ اختیار کر چکی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں