ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ جاری امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 93 ہزار سے زائد شہری مقامات کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ جنگ اس وقت اپنے پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔
ادارے کے مطابق، متاثرہ مقامات میں 71 ہزار 547 رہائشی مکانات شامل ہیں، جب کہ 20 ہزار 779 تجارتی مراکز بھی تباہ یا متاثر ہوئے ہیں۔
صرف دارالحکومت تہران میں 31 ہزار 562 رہائشی اور تجارتی یونٹس کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فضائی حملوں کے باعث بنیادی سہولیات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جن میں 295 طبی اور ہنگامی مراکز جبکہ 600 اسکول شامل ہیں۔
حکام کے مطابق، امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی 48 گاڑیاں اور 46 ایمبولینسز بھی نقصان کا شکار ہوئی ہیں، اس کے علاوہ ہلال احمر اور ہنگامی خدمات کے تین امدادی ہیلی کاپٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی حکام نے اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل حملوں کے باعث شہری ڈھانچہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔