مس فرانس نے 34 سال کی عمر میں تاج اپنے نام کر لیا

فرانسیسی کیریبین جزیرے مارٹینیک سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ فلائٹ اٹینڈنٹ مس فرانس کا مقابلہ حسن جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔

العربیہ کے مطابق انجلیک انگارنی-فلپون نے یہ اعزاز ایک اصول کی تبدیلی کی بدولت حاصل کیا، جس کے تحت اب 24 سال سے زائد عمر کی خواتین، شادی شدہ خواتین اور ماؤں کو بھی حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

مقابلہ جیتنے کے بعد انہوں نے کہا کہ 2011 میں 20 سال کی عمر میں وہ پہلی رنر اپ رہی تھیں، اور اب 34 سال کی عمر میں ایک بار پھر وہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مارٹینیک، تارکین وطن اور ان تمام خواتین کی نمائندگی کر رہی ہیں جنہیں کبھی یہ بتایا گیا تھا کہ بہت دیر ہو چکی ہے۔

تیس امیدواروں کی شرکت

مقابلے کے فائنل میں تیس امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں ڈاکٹرز اور دندان ساز بھی شامل تھے۔ امیدواروں نے سوئمنگ سوٹ، علاقائی ملبوسات اور بال گاؤن میں شرکت کی اور مختلف اقسام کی موسیقی پر رقص پیش کیا۔

انعامات اور اعزازات

مقابلہ جیتنے کے بعد انگارنی-فلپون کو مس فرانس فرم سے ایک سال کی تنخواہ، پیرس میں ایک اپارٹمنٹ تک رسائی اور اسپانسرز کی جانب سے متعدد تحائف دیے جائیں گے۔

فرانس کا یہ مقابلہ ایسے وقت میں منعقد ہوا جب نیدرلینڈز نے 35 سال بعد اپنا مقابلہ حسن ختم کر دیا ہے۔ منتظمین کے مطابق وہ وقت کے ساتھ ہم آہنگ ہو رہے ہیں اور خواتین کی کامیابیوں اور حسن کے غیر حقیقی معیارات سے نبرد آزما کہانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے نیا پلیٹ فارم متعارف کروا رہے ہیں

Author

اپنا تبصرہ لکھیں