پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو برطانوی پارلیمنٹ نے عالمی سینما اور ثقافتی سفارت کاری میں ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا۔ یہ تقریب برطانوی ہاؤس آف کامنز میں رکن پارلیمنٹ افضال خان کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں پارلیمنٹیرینز نے ماہرہ کے ثقافتی تبادلے اور خواتین کے حقوق میں کردار کو سراہا۔
تقریب سے خطاب میں ماہرہ خان نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی میں خود کو "خودساختہ” نہیں مانتیں بلکہ اس میں اساتذہ، سرپرستوں، والدین، دوستوں، ساتھیوں اور چاہنے والوں کا حصہ شامل ہے۔ انہوں نے خواتین کے لیے مواقع کی فراہمی اور ان کے خوابوں کی تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ مردوں کو خواتین کے حقیقی ساتھی بننے کی تربیت دی جائے۔
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام پر اعزاز کی تصویر بھی شیئر کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔