پاکستان کے دینی مدارس ہمیشہ سے اسلامی تعلیمات، روحانی تربیت اور اخلاقی اقدار کے مضبوط قلعے رہے ہیں۔ ہر سال ہزاروں علماء و عالمات یہاں سے فارغ ہو کر دین کی خدمت اور معاشرتی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں، مگر عصرِ حاضر کے تیز رفتار تقاضے اس امر کے متقاضی ہیں کہ دینی نظامِ تعلیم کو جدید خطوط پر یکجا کر کے ایک ہمہ جہت اور مؤثر تعلیمی ماڈل تشکیل دیا جائے۔ یونیورسٹیوں میں داخلے کے جدید تقاضے، روایتی نصاب کو جدید ذرائع کے ساتھ پیش کرنا، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور فضلاء کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا آج کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
انہی مسائل کا حل اور اہل مدارس کی سہولت کےلیے “مدرسہ ڈاٹ پی کے (Madrassa.pk)” کا قیام عمل میں آیا، جو ایک ایسا تعلیمی، فکری اور تکنیکی پلیٹ فارم ہے جس نے مدارس کے لیے ایک متوازن اور جامع ماڈل پیش کیا ہے۔
“مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا شمولیتی مزاج ہے۔ یہ کسی ایک وفاق یا مکتبہ فکر تک محدود نہیں، بلکہ وفاق المدارس العربیہ، تنظیم المدارس، وفاق السلفیہ، وفاق المدارس الشیعہ سمیت تمام دینی وفاقوں سے وابستہ مدارس، اساتذہ اور فضلاء کے لیے یکساں سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد اہل مدارس کےلیے تدریس، تحقیق، قیادت، تربیت اور روایتی نظام تعلیم کو جدید طریقوں سے یکجا کر کے ایک مضبوط اور جدید پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
“مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” کا نمایاں شعبہ “تربیت” ہے، جو کہ پانچ روزہ ورکشاپ، سہ ماہی کورس اور ایک سالہ پروگرام پر مشتمل ہے.
پانچ روزہ ورکشاپ میں نصابی منصوبہ بندی، مؤثر تدریسی مہارتیں، اسباق کی تیاری، اور حفظِ قرآن کے جدید طریقے شامل ہیں۔ ساتھ ہی سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں اساتذہ کو قیادت اور سماجی رہنمائی کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔
سہ ماہی کورس کے تین اہم پہلو ہیں: تکنیکی مہارت، تدریسی صلاحیت اور قیادت۔ ایم ایس آفس، گوگل فارم، پاورپوائنٹ اور آن لائن تدریس جیسے جدید آئی ٹی ٹولز کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ دینی اساتذہ جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکیں۔
ایک سالہ پروگرام اُن فضلاء کے لیے ہے جو عربی و انگریزی زبان، تحقیق اور قیادت میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ چار سمسٹرز پر مشتمل اس پروگرام میں زبان دانی، فنِ تحقیق اور فکری قیادت پر گہری محنت کی جاتی ہے تاکہ عالمی سطح کے علماء تیار کیے جا سکیں۔
اب تک 778 علماء اور 946 عالمات پانچ روزہ ورکشاپس سے فیض یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 258 افراد سہ ماہی پروگرام مکمل کر چکے ہیں۔ ایک سالہ پروگرام میں بھی متعدد طلباء زیرِ تربیت ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس منصوبے کی عملی کامیابی کی گواہی دیتے ہیں۔
مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” کی ایک اور نمایاں کامیابی درس نظامی کے تمام مضامین کو اردو زبان میں وضاحت کے ساتھ آن لائن ویڈیوز کی شکل میں فراہم کرنا ہے۔ ان ویڈیوز میں عربی اصطلاحات کو محفوظ رکھتے ہوئے ان کی تشریح اردو زبان میں کی گئی ہے، تاکہ طلباء کے لیے فہم و ادراک کا عمل آسان ہو جائے۔ یہ تدریسی مواد ویب سائٹ، یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بالکل مفت دستیاب ہے، جو ان طلباء کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں، جو دور دراز علاقوں میں معیاری تدریسی معاونت سے محروم ہیں۔
“مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” کا ایک اہم اور خوبصورت پہلو یہ بھی ہے کہ یہ اُن علماء و عالمات کے انٹرویوز محفوظ کرتا ہے، جنہوں نے دینی خدمات میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ ان انٹرویوز کا مقصد نئی نسل کو اپنے رول ماڈلز سے روشناس کروانا اور انہیں علمی و اخلاقی تحریک فراہم کرنا ہے۔
اس تمام نظام کے پیچھے ایک مضبوط، اہل اور فکری قیادت کام کر رہی ہے۔ جن میں مفتی کامران شہزاد (ڈائریکٹر)، مفتی طاہر مسعود (استاذ و شعبہ ایچ آر کے نگران)، مفتی محمد حسن (جنرل منیجر)، مولانا ابرار حسین (مدیر شعبہ تربیت)، مفتی عبدالقادر عباسی (شعبہ یونیورسٹیز اسٹڈی کے نگران) جیسے نامور علماء شامل ہیں۔ خواتین کی قیادت میں معلمہ اسماء تنویر صاحبہ اور فوزیہ اکرم صاحبہ جیسی عالمات بھی اس علمی جدوجہد کا حصہ ہیں۔ ان کی قیادت اور تدریسی تجربہ اس منصوبے کو اعتماد، جامعیت اور سنجیدگی عطا کرتا ہے.
“مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” کو صرف ایک ویب سائٹ کہنا اس کے دائرہ کار کو محدود کرنے کے مترادف ہوگا۔ یہ دراصل ایک فکری تحریک ہے، ایک تعلیمی انقلاب ہے، جو مدارس کے فضلاء اور اساتذہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ایک روشن، فعال اور عالمی معیار کا دینی ماڈل فراہم کر رہا ہے۔ یہ وہ پلیٹ فارم ہے جو مدارس کو روایت سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ جدید طرز زندگی سے روشناس بھی کر رہا ہے۔ اس کا ہر پہلو اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ مدارس کے ذریعے دین اسلام کو نئے دور کی زبان میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے، شرط یہ ہے کہ ہم اخلاص، تحقیق، اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے کام لیں۔
آج کے اس جدید، تکنیکی اور عالمی سطح پر مربوط دور میں، دینی مدارس کو اگر اپنے فضلاء کو مؤثر داعی، معلم اور قائد بنانا ہے تو” مدرسہ ڈاٹ پی کے(Madrassa.pk)” جیسے منصوبے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ یہ وہ سفر ہے جو مدارس کے طلباء کو محض عالم نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت، باشعور اور فعال فرد بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ یقیناً پاکستان کے دینی تعلیمی نظام میں ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی کی نوید ہے۔