لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے اپنے نائب لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ 2 فروری 2026 کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اپنے اپنے خطوں کی سکیورٹی صورتحال، علاقائی سلامتی کے چیلنجز اور پیشہ ورانہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان روابط اور تعاون کو آئندہ بھی برقرار رکھا جائے اور اسے مزید فروغ دیا جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیائی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل لیبیا کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نور خان ایئربیس پہنچے، جہاں ان کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی۔