کرغزستان کے صدر صدار ژپاروف دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جو پاکستان کا ان کا پہلا دورہ ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر صدر ژپاروف کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدر ژپاروف طیارے سے اترتے ہی صدر مملکت نے ان سے بغلگیر کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے اور دونوں ملکوں کے جھنڈے تھام کر مہمان کا خوش آمدید کہا۔ صدر ژپاروف نے اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے ساتھ خوشگوار بات چیت بھی کی۔
ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ اس دورے کے دوران صدر ژپاروف وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی مواقع پر بات چیت کریں گے۔
صدر ژپاروف کے ساتھ اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور کاروباری شخصیات بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔ دورے کے دوران وہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے، جہاں اقتصادی اور تجارتی تعاون پر گفتگو ہوگی