عمران خان کی آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظر ثانی کی درخواست، خط لکھ دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین، بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ، پارٹی کے بانی، عمران خان نے آرمی چیف ،جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر پالیسیوں میں تبدیلی کی درخواست کی ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ، عمران خان نے یہ خط بطور سابق وزیراعظم لکھا ہے، نہ کہ کسی پالیسی شفٹ کے طور پر۔ ان کے مطابق خط میں فوج اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں اور آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، تاکہ یہ خلیج مزید نہ بڑھے۔

انہوں کا مزید کہناتھا  کہ، عمران خان نے یہ خط عوام کے سامنے بھی لانے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس میں انہوں نے افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ،فوج اور ملک سب کے لیے مقدم ہیں، اور پی ٹی آئی کسی قسم کا انتشار نہیں چاہتی۔

اس خط میں عمران خان نے 2024 کے عام انتخابات، 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ کو عوام اور فوج کے درمیان فاصلے کی بڑی وجوہات قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ، گزشتہ ماہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور کے درمیان ملاقات کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم دونوں جانب سے اس حوالے سے متضاد بیانات سامنے آئے۔ ابتدائی طور پر پی ٹی آئی نے کسی بھی رابطے کی تردید کی تھی، لیکن بعد میں اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے مثبت نتائج ملنے کا دعویٰ کیا گیا۔

دوسری جانب، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ،اس ملاقات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ، عمران خان نے کمرہ عدالت میں موجود 9 صحافیوں کو اس خط کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے، اور اس میں واضح طور پر اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ، معاملات کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں