پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں صحافی ارشاد بھٹی کی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شریک خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ فیصل قریشی ان کے اچھے دوست اور باصلاحیت اداکار ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ان کی دوسری شادی فیصل قریشی کی طلاق کے بعد ہوئی اور ان کی وجہ سے کسی کی طلاق نہیں ہوئی۔
طلاق کے وقت فیصل قریشی سے لڑائی ہوئی
خلیل الرحمان نے بتایا کہ جب فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی ہو رہی تھی تو انہوں نے فیصل کو سمجھانے کی بہت کوشش کی کہ وہ اپنا گھر نہ توڑیں۔ تاہم فیصل قریشی کی والدہ نے کہا کہ طلاق کسی صورت نہیں رک سکتی، چاہے اسے 6 مہینے کے لیے مؤخر کر بھی دیا جائے۔
دو شادیوں کی کہانی
خلیل الرحمان قمر نے اپنی پہلی شادی 1985 میں اپنی کزن روبی ناز سے کی، جبکہ دوسری شادی 2000 میں اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ روزینہ سے ہوئی۔
ڈرامہ نگار نے کہا کہ ان کی دوسری شادی ایک الگ کہانی ہے، جو وہ فی الحال عوام کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس نہ دولت تھی اور نہ ایسا اثر و رسوخ کہ ان کی وجہ سے کسی کا گھر ٹوٹتا۔
’میرے پاس تم ہو‘ اور ذاتی زندگی کا تعلق؟
ارشاد بھٹی کے سوال پر کہ آیا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی ان کی ذاتی زندگی سے متاثر تھی، خلیل الرحمان نے اس بات کو افواہ قرار دیا اور کہا کہ ڈرامہ لوگوں کی قیاس آرائیوں کی بنیاد پر نہیں لکھا گیا۔
خلیل الرحمان قمر کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی زندگی اور شادیوں پر مباحثے کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔