سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
جوڈیشل کمیشن نے 2 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 8 وکلا کے ناموں کو حتمی شکل دی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید اور انعام اللہ خان کے علاوہ ،محمد طارق آفریدی، عبدالفیاض، سبط اللہ خان، صلاح الدین، صادق علی، مدثر امیر، محمد اورنگزیب اور قاضی جواد احسان اللہ کو ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس کے ایجنڈے میں 9 ججز کی تعیناتی شامل تھی، تاہم چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے 10 ججز کی تقرری کی درخواست کی۔ جوڈیشل کمیشن کے تین ارکان نے اس اضافی تعیناتی کی مخالفت کی، بعد ازاں، کمیشن نے 8 وکلا سمیت 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔
مزید برآں، اجلاس میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 40 نام زیر غور آئے، جن میں سے 10 ناموں کی حتمی منظوری دے دی گئی۔