جاپان کے مشہور ریستوران نے تھپڑ مارنے کی سروس بند کر دی

جاپان کے روایتی ریستوران ’ازاکایا‘ نے اپنی متنازع تھپڑ مارنے کی سروس ایک گاہک کے زخمی ہونے کی شکایت کے بعد ختم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ریستوران چین کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا۔

ریستوران ’یوتیبا‘، جو اپنی سستی بیئر اور چکن ونگز کے لیے مشہور ہے، گاہکوں کو 500 ین کے عوض ویٹریسز سے تھپڑ کھانے کی اجازت دیتا تھا۔ یہ سروس ابتدا میں مدہوش گاہکوں کو ہوش میں لانے کے لیے شروع کی گئی تھی لیکن بعد میں تفریح کا ذریعہ بن گئی۔

سوشل میڈیا پر اس سروس کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں گاہک تھپڑ کھانے کے بعد ویٹریسز کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔ تاہم، ایک گاہک کی جانب سے زخمی ہونے کی شکایت کے بعد یوتیبا انتظامیہ نے دو ماہ قبل یہ سروس بند کر دی۔

یہ روایت جاپان کے جنوبی علاقے کاگوشیما سے جڑی ہے، جہاں ’بِنتا‘ کی ابتدا ہوئی تھی، لیکن اب یہ متنازع سروس ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ ریستوران انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شبیہ کو بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں