اسرائیلی وزیراعظم کا امریکا میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کے والدین سے رابطہ

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے اسرائیلی سفارتی اہلکاروں یارون لیشنسکی اور سارہ ملگرام کے والدین سے رابطہ کیا ہے۔

اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ، وہ نہ صرف ان کے دکھ میں شریک ہیں، بلکہ تمام یہودی برادری بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس گفتگو کے بعد نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی رابطہ کیا۔ امریکی صدر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ، صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں پیش آئے اس فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ، واشنگٹن میں ہلاک ہونے والے دونوں اہلکاروں کی شناخت یارون لیشنسکی اور سارہ ملگرام کے طور پر کی گئی ہے۔ سفارت خانے کے مطابق، یہ دونوں اہلکار ایک تقریب میں شرکت کے بعد کیپیٹل جیوش میوزیم سے باہر آ رہے تھے جب ایک مسلح شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔ حملہ آور نے دونوں کو گولیاں مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی کو سفارتی ذرائع نے بتایا کہ، ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں سے یارون لیشنسکی کے پاس جرمن شہریت بھی تھی۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، 28 سالہ لیشنسکی نے اپنی جوانی میں اسرائیل ہجرت کی تھی اور 2022 میں وہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے سے منسلک ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد اسرائیلی حکام، امریکی حکومت اور یہودی برادری کی جانب سے شدید رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں