امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ اس خطرے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
ایران کی جانب سے یورینیئم کی افزودگی میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے جیک سلیوان نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام پُرامن ہونے کے دعوے کے باوجود، امکان ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہ بنانے کے وعدے سے پیچھے ہٹ جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے ایرانی فوجی تنصیبات پر حملے سے جوہری ہتھیار بنانے کی ایران کی صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے، جس نے ایران کو کمزور پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔
مزید گفتگو میں شامی صدر بشارالاسد کے زوال کا ذکر کرتے ہوئے جیک سلیوان نے کہا کہ اس صورتحال نے ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کو بھی بڑا دھچکا دیا ہے، جو مستقبل میں تہران سے سفارتکاری کو آسان بنا سکتا ہے۔